سکردو میں ہوٹلوں کے خلاف ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر گرینڈ آپریشن، متعدد ہوٹل سیل

جمعہ 25 اپریل 2025 17:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) محکمہ برائے تحفظ ماحولیات بلتستان ڈویژن نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سب ڈویژن گھمبہ اور روندو کے ہوٹلوں میں ایک وسیع پیمانے پر ماحولیاتی آپریشن کیا۔ اس کارروائی کا مقصد گلگت بلتستان ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 2014 پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور خطے میں پائیدار سیاحت کو فروغ دینا تھا۔

کارروائی کے دوران گھمبہ سکردو میں متعدد ہوٹلوں کو بغیر ماحولیاتی اجازت نامہ (این او سی) کے غیر قانونی تعمیرات کرنے پر نوٹسز جاری کیے گئے۔ جبکہ استک نالہ کے قریب واقع دو ہوٹلوں کو مناسب ویسٹ ڈسپوزل سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے سیل کر دیا گیا۔ یہ ہوٹل براہ راست استعمال شدہ پانی نالے میں خارج کر رہے تھے، جس سے پانی کی آلودگی، صحت عامہ کو خطرات اور استک نالہ کی قدرتی خوبصورتی متاثر ہو رہی تھی۔

(جاری ہے)

استک نالہ کو ایک اہم سیاحتی مقام کی حیثیت حاصل ہے۔تمام ہوٹل مالکان کو موقع پر ماحولیاتی ضوابط کی پابندی، ضروری منظوریوں کے حصول اور ماحول دوست ویسٹ مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔جی بی-ای پی اے نے خطے کے ماحولیاتی نظام، عوامی صحت اور سیاحت کے تحفظ کے لیے قانون پر عمل درآمد کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ادارے نے واضح کیا کہ وہ گلگت بلتستان کی ماحولیاتی اقدار کے مطابق ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے تعاون جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :