ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

ہفتہ 26 اپریل 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے گزشتہ روز شیخ ملتون ٹاؤن مردان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار و معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر چیئرمین نیبر ہوڈ کونسل شیخ ملتون ٹاؤن ارسلان طورو اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک نے مختلف ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہ کیا جائے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا ناگزیر ہے تاکہ عوام جلد از جلد ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ایک بڑی امانت ہیں، ان میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شیخ ملتون ٹاؤن کے شہریوں نے وزیر خوراک کی آمد اور ترقیاتی کاموں میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دے دیا۔

متعلقہ عنوان :