لاہورء سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملے کی ہڑتال کا 9واں روز، مریضوں کو مشکلات

ڈاکٹرز نے اپنے کمروں کو تالے لگا دیے، پیرامیڈیکس اسٹاف نے آوٹ ڈور اور پرچی کاونٹرز کو بند کر دیا

پیر 28 اپریل 2025 15:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملے کی ہڑتال ہفتہ کو نویں روز بھی جاری رہی جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈاکٹرز نے اپنے کمروں کو تالے لگا دیے ہیں جبکہ نرسز اور پیرامیڈیکس اسٹاف نے آوٹ ڈور اور پرچی کاونٹرز کو بند کر دیا ہے۔ہڑتال کی وجہ سے لاہور کے سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال اور دیگر اہم سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، گنگارام ہسپتال، چلڈرن ہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں بھی او پی ڈیز بند ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مریضوں اور ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں طبی عملے کی ہڑتال نے ان کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے اور علاج کے لیے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔طبی عملے کی ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے مطالبات پر حکومتی سطح پر ابھی تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا ہے۔واضح رہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی ای) نے حکومت کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے او پی ڈیز میں کام بند کر رکھا ہے۔