مظفرآباد، شہر اقتدار میں لاقانونیت آخری حدوں کو چھونے لگی

پرانے شکاری نئے جال لے کر ایک بار پھر میدان میں نکل کھڑے ہوئے ہیں

پیر 28 اپریل 2025 15:44

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) شہر اقتدار میں لاقانونیت آخری حدوں کو چھونے لگی،بے ہنگم ٹریفک، بے ہنگم تعمیرات، سرکاری اراضیات خالصہ سرکار پر قبضہ،خرید و فروخت،کسٹوڈین جائیداد متروکہ میں مقدمات کی بھرمار،جعلی فرضی الاٹمنٹس، کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا سالڈ ویسٹ پروجیکٹ سیورج سسٹم کی تباہی ترقیاتی ادارے کی 315کنال اراضی کی واگزاری امیدوار اسمبلی حلقہ 03 ایل اے 29لیاقت شبیر نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پرانے شکاری نئے جال لے کر ایک بار پھر میدان میں نکل کھڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اب عوام یا وہ خواص جو ایوانوں میں بیٹھ کر شہر کو نوچتے رہی ان کے چہروں سے نقاب نوچنے اور ان نوسربازوں کے اصلی چہرے عیاں کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

وقت آ گیا ہے کہ اپنے حقوقِ کا تحفظ کرنے کے لیے قوم خاص کر یوتھ جاگے،برادری ازم کے جن کو بوتل میں بند کر کے ہی نہ صرف مظفرآباد بلکہ یوتھ اپنے مستقبل کا تحفظ کر سکتی ہے۔عوام ایسے برادری ازم کے پیروکار جو چہرے بدل کر صرف زاتی مفادات کی خاطر عوام کا استعمال اور ان کے حقوق کا استحصال کر رہے ہیں ان کی ریشہ دوانیوں کے سامنے بند باندھنا ہو گا۔

مظفرآباد اور مظفرآباد کے وسائل، زخائر اراضیات کو بچانے، اس کا تحفظ کرنے کے لیے ان عناصر کو مسترد کرنا ہو گا۔لیاقت شبیر نے کہا کہ آئے روز ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، اربوں روپے کی سرکاری اراضیات خالصہ سرکار، ایوارڈ یافتہ رقبہ جات اور شاملات دیہہ کی بندر بانٹ،ڈیتھ سکواڈ جیے خطرناک گروہ کی شر انگیزیاں، بینامی آئیڈیز کے زریعے شرفاء کا ناطقہ بند کرنے والے عناصر کی بھرمار نے اب عام شہریوں کا جینا دوبھر کر کے رکھ چھوڑا ہے،لوگوں نے گھروں سے باہر نکلنا ہی چھوڑ دیا ہے، ایسے حالات میں یوتھ ہی ہے جو کردار ادا کرسکتی ہے۔

روایتی سیاست دانوں کو مسترد کر کے اعلی تعلیم یافتہ نئے ریاستی باشندوں کو آگے لا کر قوم اپنی تقدیر بدل سکتی ہے۔انہوں نے کہا ہم نسل نو کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بیرون ممالک کی یونیورسٹیوں میں سکالرز شپس کے زریعے کوشاں ہیں کہ ذیادہ سے ذیادہ بچے سکالر شپ کے زریعے اعلی تعلیم بیرون ممالک کی بہترین یونیورسٹیوں میں حاصل کریں۔