سکیم 33 موسمیات پرنامعلوم افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی

پیر 28 اپریل 2025 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)گزشتہ روز اسکیم 33 موسمیات پر نامعلوم افراد کی جانب سے زبردست ہنگامہ آرائی کی گئی تھی، مظاہرین نے پر تشدد احتجاج کی آڑ میں کئی دکانوں پر لوٹ مار بھی کی۔اس ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیجزمنظرعام پرآگئی ہیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوٹ مار کرنے والے شہریوں نے نہ موبائل شاپ چھوڑی، نہ اسٹیشنری کی دکان کو بخشا۔

موسمیات کے قریب جب ہنگامہ آرائی کرنے والے پہنچے تو صورت حال دیکھ کر دکان کے ملازم کو پریشان دیکھا جا سکتا ہے، دکانوں کے باہر شہریوں اور دکان داروں کو ڈنڈوں سے مارا پیٹا گیا، ایک فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برقع پہنے ایک خاتون گود میں بچی کو لے کر بھاگی۔فوٹیج کے مطابق ایک نوجوان نے لاتیں مار کر دکان میں سامان کو گرایا، ڈھاٹا پہنے ایک شخص آیا اور کانٹر میں ہاتھ ڈال کر پیسے نکال لیے، ملازم نے شلوار قمیص پہنچے شخص کو روکنے کی کوشش بھی کی، تاہم ڈھاٹا بردار شخص نے مٹھی میں پیسے پکڑے اور باہر بھاگ گیا۔

(جاری ہے)

باہر موجود افراد نے توڑ پھوڑ اور پتھرا شروع کر دیا، اس ہنگامہ آرائی کے دوران جس کے ہاتھ جو لگا وہ لے کر بھاگا، ڈنڈا بردار افراد کی جانب سے کئی دکانیں بھی بند کروائی گئی۔ مظاہرین نے قوم پرست جماعت کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، اور انھوں نے راہگیروں پر تشدد بھی کیا۔