ٹ*کمشنر سبی ڈویژن سید زاہد شاہ نے ڈویژنل پبلک اسکول سبی کا دورہ کیا

منگل 29 اپریل 2025 21:20

Cسبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) کمشنر سبی ڈویژن سید زاہد شاہ نے ڈویژنل پبلک اسکول سبی کا دورہ کیا۔اس موقع پر سکول کے پرنسپل اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔انہوں نے سکول میں تدریسی معیار اور انتظامی امور کی انجام دہی میں متعلقہ سربراہان کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ان سے انتظامی ضروریات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے کہا کہ تعلیمی معیار اور طلبا کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے اور طلبا و طالبات کو ایک ایسا ماحول مہیا کیا جائے جس میں سیکھنے کا عمل ان کے لیے دلچسپ اور خوشگوار تجربہ بن جائے انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ڈویژنل پبلک سکول سبی کے پرنسپل حافظ اسد الحق کو ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا کہ سکول کا تعلیمی معیار پہلے سے بھی زیادہ بہتر ہونا چاہیے اور تعلیمی ترقی میں ایک پرنسپل کا کردار ہر اول دستے کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سلسلہ میں آپ سب کو ایک مضبوط ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر یکساں توجہ دے کر معاشرے کے ہر شعبہ کے لیے اعلی صلاحیتوں کے حامل طلبا کو تیار کیا جا سکتا ہے انہوں نے اساتذہ کو بھی تلقین کی کہ وہ طلبا کی تعلیم و تربیت پرخصوصی توجہ دیں، ان میں خوداعتمادی کے لئے تقاریر، تلاوت و نعت خوانی کے مقابلے کروائیں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں مثبت نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ سکول کی مرمت تزئین و آرائش کے لیے بھی صوبائی حکومت کو لکھا جائے گا انہوں نے اسکول کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور کلاس رومز میں جا کر طلبا و طالبات سے تعلیمی معیار کے حوالے سے گفتگو کی اور نصابی سوالات پوچھے۔

متعلقہ عنوان :