سیالکوٹ،محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کودھان کی کاشت 20 مئی سے شروع کرنے کا مشورہ

بدھ 30 اپریل 2025 17:36

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو اری 6، کے ایس 282، کے ایس کے 133، نیاب اری 9 سمیت دھان کی موٹی اقسام کی کاشت 20 مئی سے شروع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکار 20مئی سے قبل دھان کی کاشت نہ کریں جبکہ پنیری کی کاشت کیلئے صاف ستھرا اور صحتمند بیج استعمال کیاجائے اور بیج سے پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کیلئے بیج کو مناسب پھپھوندکش زہر ضرور لگائیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ ڈاکٹر رانا قربان علی خان نے دوران ملاقات اے پی پی کو بتایا کہ دھان کی ایک ایکڑ پنیری کو اگانے کیلئے موٹی اقسام کا شرح بیج تر یا کدو کے طریقہ میں 6 سے 7کلوگرام، خشک طریقہ میں 8سے10 کلوگرام اور راب کے طریقہ میں 12سے15 کلوگرام بیج استعمال کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کاشتکاردھان کی پنیری کی کاشت 20 مئی سے پہلے شروع نہ کریں کیونکہ دھان کے تنے کی سنڈیاں موسم سرما کو مڈھوں میں سرمائی نیند سو کر گزارتی ہیں جبکہ شروع مئی میں کاشتہ دھان کی پنیری پر منتقل ہو کر اپنی نسل میں اضافہ کرتی ہیں اور بعد ازاں دھان کی فصل پر حملہ آور ہو کر نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار دھان کی پنیری کو کدوکے طریقہ سے کاشت کرنے کیلئے پہلے کھیت میں ایک سے دو مرتبہ خشک ہل چلائیں اور پنیری بونے سے تین دن پہلے کھیت کو پانی سے بھر دیں پھر کھڑے پانی میں دوہرا ہل چلائیں اور سہاگہ دیں۔ کھیت کو دس، دس مرلہ کے پلاٹوں میں تقسیم کر کے انگوری مارے ہوئے بیج کا چھٹہ دیں تاہم چھٹہ دیتے وقت کھیت میں ایک تا ڈیڑھ انچ پانی کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اس طریقہ کاشت سے پنیری 25 سے 30 دن میں تیار ہو جاتی ہے لہٰذاخشک طریقہ کاشت میں زمین کو پانی دے کر وتر حالت میں لائیں اور پھر دوہرا ہل اور سہاگہ دے کر کھیت کو کھلا چھوڑ دیں۔انہوں نے کہاکہ کاشت سے پہلے دوہرا ہل چلا کر سہاگہ دیں اور تیار شدہ کھیت میں خشک بیج کا چھٹہ دیں پھر اس پر روڑی، توڑی، پھک یا پرالی کی ایک انچ موٹی تہہ بکھیر دیں اس کے بعد پانی لگائیں اس طریقہ سے پنیری 35 تا 40 دن میں تیار ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ راب کے طریقہ کاشت میں خشک زمین میں 3 سے 4 مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دے کر زمین کو باریک اور بھربھرا کرنے کے بعد ہموار کردہ کھیت میں گوبر، پھک یا پرالی کی 2 انچ تہہ ڈال کر آگ لگا دی جائے اور راکھ ٹھنڈی ہونے پر زمین میں ملا تے ہوئے بیج بحساب سفارش کردہ مقدار چھٹہ دیں اور کیاریوں کو پانی آہستہ آہستہ لگائیں تاکہ دھان کی اچھی پیداوار حاصل ہو سکے۔