لنک روڈ کھنڈرات میں تبدیل ہونے پر انجمن تاجران بند کھوہ کے صدر یاسر جدون کا اظہار تشویش، ارکان اسمبلی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

بدھ 30 اپریل 2025 18:12

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) ایبٹ آباد کا لنک روڈ کھنڈر میں تبدیل ہونے پر انجمن تاجران بند کھوہ کے صدر یاسر خان جدون نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارکان اسمبلی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بدھ کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گریوٹی فلو سکیم کے تحت پائپ لائن منصوبہ کے ٹھیکیدار نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، لنک روڈ، مری روڈ کی تباہ حالی سے تاجروں، راہگیروں، مسافروں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ ان کی آبائی یونین کونسل سے ملحقہ تاجر شہری سہولیات سے محروم ہو رہے ہیں، گریوٹی فلو منصوبہ سے شہر اور محلے کھنڈر بنا دیئے گئے ہیں، ٹریفک کی بحالی سمیت وہاں سے پیدل چلنا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔ یاسر خان جدون نے کہا کہ ٹھیکیدار کے تاخیری حربوں سے جگہ جگہ ملبے اور مٹی کے انبار لگے ہوئے ہیں، مری روڈ پر بھی انتہائی سست روی سے کام کیا جا رہا ہے، بدقسمتی سے شہر کی طرف ذرا بھر بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے، شہریوں کو شہر بھر میں گونا گوں مسائل کی وجہ سے شدید پریشانی لاحق ہے۔