وزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، ضلع نوشہرہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سفاری پارک کے قیام کا فیصلہ

بدھ 30 اپریل 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر ضلع نوشہرہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سفاری پارک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مجوزہ پارک کے ابتدائی پلان کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے۔

وہ بدھ کے روز محکمہ جنگلات و ماحولیات کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ کے مشیر مصور خان کے علاوہ محکمہ جنگلات و ماحولیات، محکمہ خزانہ اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کی طرف سے مجوزہ سفاری پارک کے مختلف پہلوئوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ سفاری پارک 560 ایکڑ اراضی پر قائم کیا جائے گا جو لاہور کے سفاری پارک سے دوگنا بڑا ہو گا، یہ پارک نوشہرہ کے علاقہ مصری بانڈہ میں قائم کیا جائے گا جہاں سرکاری زمین دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

یہ اراضی اپنے محل وقوع کے لحاظ سے سفاری پارک کے لئے موزوں ترین ہے۔ مزید برآں آگاہ کیا گیا کہ مجوزہ پارک ساڑھے تین ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے اگلے تین سالوں میں مکمل کیا جائے گا جس میں سیاحوں کے لئے درکار تمام بنیادی سہولیات با آسانی دستیاب ہونگی۔ اسی طرح بتایا گیا کہ یہ پارک بوٹینیکل گارڈن، برڈ انکلوژر، ایوئیری، کلچرل ویلج، نیچرل ہسٹری میوزیم، اور دیگر حصوں پر مشتمل ہوگا۔

پارک کے قیام کا مقصد لوگوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ، جنگلی حیات اور نباتات کا تحفظ، ایکو ٹورازم کا فروغ اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پارک کے قیام سے صوبائی حکومت کو ایک محتاط اندازے کے مطابق سالانہ 360 ملین روپے کی آمدن حاصل ہوگی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو مذکورہ سرکاری اراضی فوری طور پر محکمہ جنگلات کے حوالے کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ مجوزہ سفاری پارک کو ہر لحاظ سے ماحول دوست بنایا جائے اور اس کے ڈیزائن میں گرے اسٹرکچر کم سے کم رکھا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے علاوہ دیگر تمام قابل عمل ماڈلز پر غور کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :