Live Updates

صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان کا حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں سنوکر کلب کا افتتاح

بدھ 30 اپریل 2025 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے بدھ کے روز حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں سنوکر کلب کا افتتاح کیا۔ سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان محمد ضیاء الحق کے علاؤہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر امور نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ فیصل،ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس عابد علی اور دیگر متعلقین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنوکر ایک مقبول کھیل ہے اور اس کلب کے ذریعے حیات آباد اور آس پاس کے نوجوانوں کو کمپلیکس میں اس کھیل کے حوالے سے سہولت دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سنوکر کلب میں مقامی کھلاڑی اپنی مہارتوں کو نکھار سکیں گے اوراس سے استفادہ حاصل کرکے مقابلوں میں صوبے کا نام روشن کریں گے۔

وزیر کھیل نے کہا کہ صوبے میں ہر کھیل کا فروغ اور ترقی صوبائی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے اور ہم بانی چیرمین عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب لانے کیلئے ہر پہلو سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انھوں نے کہا وزیراعلی خیبرپختونخوا کی سربراہی میں یہاں پر کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز کوششیں جاری ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات