ضلعی انتظامیہ موسیٰ خیل کے زیرِ اہتمام یکم مئی کو یوم مزدور کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد

جمعرات 1 مئی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) ضلعی انتظامیہ موسیٰ خیل کے زیرِ اہتمام یکم مئی کو یوم مزدور کے سلسلے میں ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر موسیٰ خیل نجیب اللہ کاکڑ نے کی، جس میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور کثیر تعداد میں شہریوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ریلی کا آغاز ڈسٹرکٹ کمپلیکس ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے ہوا اور شہر کے مختلف اہم راستوں سے گزرتی ہوئی اختتامی مقام پر پہنچی۔

شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر موسیٰ خیل نجیب اللہ کاکڑ نے یوم مزدور کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی محنت و مشقت کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت مزدور دوست پالیسیاں بنانے اور ان پر عملدرآمد کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ مزدوروں کے حقوق کا خیال رکھیں اور انہیں ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کریں۔ ریلی میں شریک لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مزدوروں کے فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہریوں نے بھی اس ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مزدوروں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔