دنیا میں اسلامی ممالک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جارہی ‘ گورنر پنجاب

جمعرات 3 جولائی 2025 23:04

دنیا میں اسلامی ممالک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جارہی ‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرنے کہا ہے کہ دنیا میں اسلامی ممالک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،مسلم امہ کی یکجہتی واتحاد کی طاقت سے ایسے عناصر کو شکست دی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی قونصلیٹ لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر پنجاب نے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ایرانی قونصل جنرل نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستانی حکومت اور قوم کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت بھی کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب کی ایرانی قونصلیٹ آمد پر قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ان کا استقبال کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کا ایران کے ساتھ نہ ٹوٹنے والا محبت کا گہرارشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخ سے جڑے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھائیں گے۔ گورنر پنجاب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر ہمیشہ اسلامی ممالک کی خود مختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لئے ہر فورمز پر آواز اٹھائی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنے دوست ملک ایران پر فخر ہے کہ جس نے اسرائیلی جارحیت کا بھر پور اور موثر طریقے سے جواب دیا اور سرخرو ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ کافی عرصے سے پوری اسلامی دنیا کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش چل رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایسے عناصر کو صرف اور صرف اتحاد کی طاقت سے شکست دی جاسکتی ہے۔ اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔