پیاز کی فصل کو مناسب وقت پر برداشت کر لیا جائے تو کم از کم 6 ماہ تک اس کی اصل حالت کو برقرار رکھا جا سکتا ہے،محکمہ زراعت

جمعہ 2 مئی 2025 13:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ اگرپیاز کو مناسب وقت پر برداشت کر لیاجائے تو اسے کم از کم 6ماہ بلکہ اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھا جا سکتا ہے جبکہ برداشت اور سٹوریج کیلئے محکمہ زراعت کی مشاورت بہتر نتائج فراہم کر سکتی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع کے مطابق کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ فصل کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب پودوں کے تنے 15سے 20فیصد تک خشک ہو کر توٹنا شروع ہوجائیں تو پھر پیاز کی برداشت میں تاخیر سے اجتناب برتنا چاہیے کیونکہ پیاز کی برداشت جتنی تاخیر سے ہو گی اتنا فصل کے گلنے سڑنے کے خدشات میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹے تنے والے پیاز کے ایسے گٹھے جو مکمل طور پر پک کر تیا ر نہ ہوئے ہو ں ان کو ذخیرہ نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پیاز کی فصل کو دیر سے برداشت کیا جائے تو اس میں عمل تنفس بڑھنے اور درجہ حرارت زیادہ ہونے سے اس کا رنگ اور معیار متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ جب پیاز کو برداشت کر لیا جائے تو اسے فوری طور پر ذخیرہ کرنے کی بجائے دو تین دن تک سایہ دار اور ہوا دار جگہ میں ہی پڑا رہنے دیا جائے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پیاز کو پانی لگنے سے بچایا جائے کیونکہ پانی لگنے سے پیاز کے گلنے کا عمل شروع ہو سکتا ہے جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان پہنچنے کا بھی احتمال رہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :