انکم ٹیکس آرڈیننس ،فیڈرل ایکسائز ایکٹ میں ترامیم پر کاروباری برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ‘ علی عمران آصف

پیر 5 مئی 2025 17:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ میں ترامیم پر کاروباری برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ،مطالبہ ہے کہ حکومت ان ترامیم کو فی الفور واپس لے ، سیکشن 138(3A)کے ذریعے کاروباری طبقے سے اپیل کا حق چھین لیاگیا ہے جو ناانصافی ہے ،نوٹس کے بغیر اکائونٹس منجمد کرنا ناقابل قبول ہے۔

اپنے بیان میںانہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں جب معیشت گروتھ دکھا رہی ہے اس طرح کے اقدامات سمجھ سے بالا تر ہیں ، متنازعہ ترامیم سے خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوئی ہے اور ملک بھر کی تاجر برادری اس پر سراپا احتجاج ہے ، حکومت سے مطالبہ ہے ان ترمیم کو فی الفور واپس لے اوراسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

علی عمران آصف نے کہا کہ سیکشن 175Cسے کاروباری آزادی متاثر ہو گی،کاروباری لوگوں کے دفاتر میں ایف بی آر کے اہلکاروں کی تعیناتی کا کیا مقصد ہے ،آڈٹ کی آڑ میںجو پالیسی لائی گئی ہے وہ قطعی نا قابل قبول ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنی استعداد کار اور نظام میں بہتری لائے نہ کہ تاجروں کو ہراساں کیا جائے ، اس طرح کی مہم جوئی سے ٹیکس وصولی کے اہداف کا حصول متاثر ہو گا ۔