Live Updates

سترہ سالہ حکومت کا کراچی پر ظلم، پانی کی فراہمی میں ایک بوند کا اضافہ نہیں ہوا، حلیم عادل شیخ

پیپلز پارٹی کی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے کراچی میں پانی کی سنگین قلت ہوگئی ہے، صدر پی ٹی آئی سندھ

پیر 5 مئی 2025 17:24

سترہ سالہ حکومت کا کراچی پر ظلم، پانی کی فراہمی میں ایک بوند کا اضافہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)کراچی اس وقت پانی کے شدید بحران کی لپیٹ میں ہے، جہاں شہری سخت گرمی میں بھی بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں کئی ہفتوں سے پانی نایاب ہے، جس پر عوام سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اس سنگین صورتحال پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے حکومت سندھ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مجرمانہ غفلت زمہ دار قرار دیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی پورے ملک کو 70 فیصد جبکہ صوبہ سندھ کو 90 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے، اس کے باوجود شہری بنیادی سہولت پانی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ سترہ سال سے سندھ پر حکمرانی کر رہی ہے،میئر کراچی بھی پیپلز پارٹی ک ہے مگر آج تک پانی کی فراہمی میں ایک بوند کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو جان بوجھ کر ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جو عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر پانی فروخت کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر بھر میں جگہ جگہ پانی کی لائنیں پھٹنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، لیکن سندھ حکومت اس پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔ یہ عوام کے ساتھ بدترین سلوک ہے اور اس کے خلاف پی ٹی آئی سندھ ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کراچی کے لیے پانی کی فراہمی بڑھائی جائے، ٹینکر مافیا کے خلاف مثر کارروائی کی جائے، اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت پانی کی مساوی تقسیم کا نظام نافذ کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کے ساتھ سوتیلا سلوک اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، اور پی ٹی آئی سندھ عوام کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات