وزیر بلدیات پنجاب کا لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کےتحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کے لئے داتا گنج بخش کے مختلف علاقوں کا دورہ

بدھ 7 مئی 2025 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کےتحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کے لئے داتا گنج بخش کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ وزیر ہاوسنگ بلال یاسین، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک، ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین میاں مرغوب احمد،سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں،ڈپٹی کمشنر موسی رضا اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی تھے۔

اپنے دورے میں صوبائی وزرا نے سنت نگر کے جوہری پارک،احمد چوک اور حاجن سٹریٹ کا معائنہ کیا اور اہل علاقہ سے بھی فیڈ بیک لیا۔شہریوں نے اپنے علاقے میں خوشنما اور دیرپا گلیوں اور نئے سیوریج سسٹم کی تعمیر پر زبردست خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں جنہیں گزشتہ کئی برسوں سے نظرانداز کیا جاتا رہا،اب ان پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے جس پر ہم شکرگزار ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینئر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا کو مزید بہتری کے لئے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کا میگا پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے137 ارب روپے کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی نہ صرف منظوری دی ہے بلکہ وہ یومیہ بنیادوں پر پروگرام میں پیشرفت پر بریفنگ بھی لے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت تاریخی شہر لاہور کی گلیوں کو خوبصورت ٹائلز سے بنایا جایا رہا ہے،اس کے ساتھ ساتھ بارانی پانی کے نکاس کا خاص خیال رکھا گیا تاکہ لوگوں کو بارشوں کے دوران کوئی تکلیف نہ ہو۔اس موقع پر وزیر ہاوسنگ بلال یاسین نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو زبردست آسانی ملے گی۔ سٹریٹ لائٹس، سڑکوں اور پارکوں کی بحالی بھی منصوبے میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ شہریوں کے مثبت فیڈ بیک سے ہماری بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے،انشااللہ لاہور کو اگلے30 سال تک نئی میونسپل سکیموں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ میاں مرغوب احمد نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے اور تمام محکمے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔