محکمہ زراعت نے ہر فیلڈ اسسٹنٹ کو اپنے اپنے حلقہ میں دھان کا ایک ایک ایکڑ کا نمائشی پلاٹ لگوانے کا ہدف دیدیا

جمعرات 8 مئی 2025 14:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) محکمہ زراعت نے ہر فیلڈ اسسٹنٹ کو اپنے اپنے حلقہ میں دھان کا ایک ایک ایکڑ کا نمائشی پلاٹ لگوانے کا ہدف دیدیا ہے اور کہاہے کہ مذکورہ فیلڈ اسسٹنٹ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں کے زمینداروں و کاشتکاروں سے رابطہ کریں اور اپنے اپنے حلقوں میں نمائشی پلاٹ لگوانے کی ترغیب دیں تاکہ ان نمائشی پلاٹوں سے اضافی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس سے کہاگیاہے کہ وہ لے آؤٹ پلان کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کروائیں اور وہاں پودوں کی تعداد، کھادوں کی متناسب استعمال، جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی، محکمانہ سفارشات کی روشنی میں آبپاشی کیلئے بھی تمام اقدامات اور وسائل کو بروئے کار لایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ترقی دادہ ٹیکنالوجی اپنانے کی ترغیب دے کر نمائشی پلاٹس کو فروغ دیا جاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ فیلڈ اسسٹنٹس اپنے اپنے حلقوں کا نمائشی پلاٹس کا تمام ڈیٹا رجسٹر میں تحریر کریں گے تاکہ اعلیٰ افسران کی چیکنگ کے دوران انہیں کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔