استور، گلگت بلتستان میں پہلی بار روڈ سیفٹی پالیسی متعارف کرانے کے لیے اہم اجلاس کا انعقاد

جمعرات 8 مئی 2025 15:58

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر روڈ سیفٹی پالیسی متعارف کرانے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ہوم سیکریٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہوم ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122، محکمہ تعلیم، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، محکمہ سیاحت اور گلگت بلتستان پولیس سمیت دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے میں ٹریفک حادثات کی روک تھام، شہریوں کی حفاظت اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

(جاری ہے)

ان میں نجی اور عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو منظم کرنا، گلگت بلتستان کے نوجوانوں اور سیاحوں کے لیے روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنا، ڈرائیونگ لائسنس کی جانچ پڑتال کا عمل سخت کرنا، عوامی ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنانا، بسوں میں دو ڈرائیورز کی تعیناتی اور مقررہ ٹائم اسٹیمپ کا نظام نافذ کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

اس موقع پر ہوم سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ صوبائی روڈ سیفٹی پالیسی کا مقصد انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نظم و ضبط کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو پالیسی کے مؤثر نفاذ کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔\378

متعلقہ عنوان :