لاہور‘ ملازمت پر جانے والی خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والا گینگ پکڑا گیا

ہفتہ 16 اگست 2025 13:32

لاہور‘ ملازمت پر جانے والی خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملازمت پر جانے والی خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والے خطرناک گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان میٹرو اسٹیشن کے گرد و نواح میں گھات لگا کر نوکری پر جانے والی خواتین کو نشانہ بناتے تھے اور اسنیچنگ کے ساتھ ساتھ گھروں میں گھس کر چوریاں بھی کرتے تھے۔

ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جھپٹا مارتے اور پرس، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو جاتے۔دس روز قبل شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں بھی ملزمان نے ایک شہری کی بہن سے واردات کی تھی جس کی فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گئی تھی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان کس طرح فرار ہوئے۔

(جاری ہے)

پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ گینگ نئی واردات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔ چند روز کے اندر ہی دونوں ملزمان کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ناصر اور عمران لاہور کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں کرتے رہے ہیں۔ ان کے قبضے سے موٹر سائیکل، آرٹیفیشل جیولری، جوسر، نقد رقم اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔