ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر صدارت عالمی یومِ مادر کے موقع پر تقریب کا انعقاد

اتوار 11 مئی 2025 16:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر صدارت عالمی یومِ مادر کے موقع پر شریفاں بی بی میموریل ہسپتال، کوبے چک میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد حضور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔ اس موقع پر علاقے کی معزز شخصیات، سیاسی و سماجی رہنما، ہسپتال کا طبی عملہ، معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ماں کی عظمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماں کائنات کی سب سے عظیم ہستی ہے، اس کی قربانیاں اور محبت بے مثال ہیں، شریفاں بی بی میموریل ہسپتال میری والدہ کی یادگار ہے اور اس کا مقصد ان کی طرح بے لوث خدمت اور محبت کا پیغام پھیلانا ، صدقہ جاریہ کے طور پر انکی روح کے ایصال ثواب کیلئے کام کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماں معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور اس کی گود ہی بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کا بھی اعلان کیا جس میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کے عملے کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عملہ دکھی انسانیت کی خدمت میں جس جذبے کے ساتھ کام کر رہا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔

تقریب کا اختتام عالمی یومِ مادر کے موقع پر تمام ماؤں کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ دعائیہ کلمات میں ماؤں کی صحت، خوشحالی اور لمبی عمر کی دعائیں کی گئیں۔ آخر میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عزم کا اظہار کیا کہ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال ہر وقت معیاری طبی سہولیات کی فراہمی عمل میں لاتا رہے گا۔ واضح رہے کہ یہ ہسپتال ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی والدہ محترمہ شریفاں بی بی کے نام سے منسوب ہے جس کا مقصد علاقے کے پسماندہ افراد کو معیاری اور بلامعاوضہ طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :