سیالکوٹ میں 2 سالہ بچے کی پر اسرار ہلاکت کا معمہ حل، چچی قاتل نکلی

اتوار 17 اگست 2025 10:30

سیالکوٹ میں 2 سالہ بچے کی پر اسرار ہلاکت کا معمہ حل، چچی قاتل نکلی
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) تھانہ صدر سیالکوٹ کےعلاقہ گاؤں جودھیوالی میں گزشتہ شب 2 سالہ موسٰی ولد جہانگیر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول ہونے پر ایس ایچ او تھانہ صدر سیالکوٹ انسپکٹر ارشاد احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر بچے کی تلاش شروع کی جو گھر کی عقب دیوار کے قریب گلی سے بچے کی نعش مل گئی ۔

جسے چھت سے گر کر ہلاک ہونے کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق پولیس نے مشکوک حالات کے پیش نظرشواہد کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا تو انکشاف ہوا کے مقتول بچے کی چچی اسماء بی بی نے اپنے شوہر محمد آصف کی ایماء پر چند یوم قبل ہونے والی بچوں کی لڑائی کی رنجش پر موسیٰ کو سانس روک کر قتل کیا اور بعد ازاں معاملہ کو حادثہ کا رنگ دینے کی غرض سے بچے کی نعش کو چھت سے پیچھے گلی میں پھینک دیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقتول بچے کے والد محمد جہانگیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان میاں بیوی کو حراست میں لے لیا ہے ۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے معصوم بچے کے قتل کے دلخراش واقع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان قطعاَ رعایت کے مستحق نہ ہیں معاملہ میں قانون و انصاف کے تقاضوں کو پور ا کیا جائے گا اور متاثرہ فیملی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔