مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، افتخارعلی ملک

پیر 12 مئی 2025 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) بانی چیئرمین پاک-امریکہ بزنس کونسل اور سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل پر امن ہمسائیگی اور خطے کی غیر معمولی معاشی صلاحیت کو کھول دے گا۔

سارک ممالک کو تجارت، توانائی اور بنیادی ڈھانچے میں مل کر کام کرنے اور اجتماعی طاقت و صلاحیت کو مجتمع کرنے کے قابل بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی تنازعے کی پیچیدگی کو تسلیم کرتے ہوئے دو ایٹمی طاقت کے حامل پڑوسیوں کے درمیان مسلسل کئی دہائیوں سے جاری تنازعہ کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں ترقی کیلئے زبردست صلاحیت موجود ہے لیکن سیاسی مسائل اور غیر حل شدہ تنازعات اس کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں جن کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ مسائل حل ہو جائیں تو جنوبی ایشیا جدت اور ترقی کا مرکز بن کر ابھر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے جرات مندانہ اقدامات اور پختہ عزم کی ضرورت ہے۔عالمی معاونت کے ساتھ ہم ایک ایسا روڈ میپ تیار کر سکتے ہیں جو خطے کی ترقی و خوشحالی ہے منتج ہو۔