سکالرز ٹھوس تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر زرعی اور معاشرتی مسائل پر قابو پانے کے لیے جدید اور پائیدار حل تلاش کریں،ڈاکٹر ذوالفقار

بدھ 14 مئی 2025 16:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ زرعی سائنسدانوں اور ماہرین کو فی ایکڑکم پیداواری صلاحیت، موسمیاتی تبدیلی، پانی کی کمی اور طریقہ کاشت جیسے مسائل پر قابو پانے کےلئے مؤثر حکمت عملی تیار کرنا ہو گی ، اس کے ساتھ ساتھ ہمیں حقیقی مسائل مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات عمل میں لانا ہوں گی تاکہ نہ صرف معاشرتی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے بلکہ زرعی چیلنجز سے بھی احسن انداز میں نبردآزما ہوا جا سکے ،ریسرچ سکالرزکو بھی چاہیے کہ وہ ٹھوس تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے زرعی اور معاشرتی مسائل پر قابو پانے کے لیے جدید اور پائیدار حل تلاش کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف گریجویٹ سٹڈیز کے زیراہتمام پروگرام برائے پی ایچ ڈی سکالرز سے اپنے کلیدی خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحقیق کو عملی زندگی میں فائدہ پہنچانے کےلئے اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو مستحکم کرنا ہو گا، پی ایچ ڈی سکالرز نہ صرف افراد بلکہ اپنے شعبے کا ایک برانڈ بھی ہیں جو علم پر مبنی معیشت کے ذریعے دنیا کو جدید خطوط پر ڈھالیں گے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سخت محنت اور تخلیقی سوچ کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں،آپ کی لگن اور تحقیقی کام ہمارے زرعی شعبے کا مستقبل سنوار سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی سکالرز سائنسی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی اختراعی سوچ پائیدار حل کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔