کاشتکاروں کی محنت کی بدولت فوڈ سیکورٹی کے پاکستان دنیا کا سب سے بہترین ملک ہے۔مقررین

بدھ 14 مئی 2025 17:01

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) فوجی فرٹیلائزر کمپنی (FFC) کے زیر اہتمام فارم ایڈوائزری سنٹر، رحیم یار خان میں ورلڈ فارمرز ڈے کے موقع پر ایک خوبصورت، پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کسانوں, زرعی ماہرین اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کی صدارت فارم ایڈوائزری سنٹر کےہیڈ جناب عبدالجلیل جروار نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں ڈاکٹر مسعود سلیم (ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع)، اقرار حسین (ڈائریکٹر زرعی کالج)، ابوبکر مزاری، ڈاکٹر اقبال اور ذکاء اللہ چیمہ شامل تھے۔

اس تقریب میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے آفیسرز عمیر احمد خان، محمد زبیر مقصود اور محمد فہیم شاہد بھی شامل تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں جناب عبدالجلیل جروار نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی معیشت کے اصل معمار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسان قوم کا قابلِ فخر طبقہ ہیں اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی ان کی فلاح، رہنمائی اور جدید زرعی تکنیکوں کی ترویج کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

"اس تقریب میں ڈاکٹر مسعود سلیم (ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع، گورنمنٹ آف پنجاب) بھی شامل تھے، جنہوں نے حکومت پنجاب کی کسانوں کے لیے جاری ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اسکیموں، زرعی اصلاحات اور جدید تکنیکوں کے ذریعے ان کی مدد کر رہی ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنی پیداوار بڑھا سکیں بلکہ ملکی زراعت کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر سکیں۔

"مہمانانِ خصوصی نے کسانوں کے کردار، محنت اور زراعت میں ان کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی اور ایف ایف سی کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔تقریب کے آخر میں ورلڈ فارمرز ڈے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا ۔ اس کے علاوہ، کسانوں کی محنت اور کامیاب کارکردگی کو سراہتے ہوئے انعامات تقسیم کیے گئے اور ثقافتی اجرک پہنائی گئی، جس نے اس تقریب کو ایک یادگار اور ثقافتی رنگ دیا ۔ شرکاء نے اس یادگار تقریب پر فوجی فرٹیلائزر کمپنی اور فارم ایڈوائزری سنٹر کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسی تقریبات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے۔