کمشنر کا تعلیمی بورڈ سرگودھا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحت زیرِ تعمیر نئے آفس بلاک کا دورہ

جمعرات 15 مئی 2025 17:37

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) کمشنرسرگودھا ڈویژن و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن جہانزیب اعوان نے تعلیمی بورڈ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحت زیر تعمیر نئے آفس بلاک کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ تعلیمی بورڈ کے اعلیٰ افسران اور انجینئرنگ و تعمیراتی شعبے کے ماہرین بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران متعلقہ افسران نے کمشنر کو آفس بلاک کی تعمیراتی پیش رفت، استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار، ڈیزائن اور منصوبے کی تکمیل کی متوقع مدت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

جہانزیب اعوان نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو مقررہ وقت کے اندرمکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی بورڈ سرگودھا کے دفاتر کی بہتری سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور طلبہ کو بہترسہولیات میسرآئیں گی۔ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ سرکاری وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے انجینئرنگ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے تعمیراتی عمل کی نگرانی کریں اور کام کی رفتار کو مزید تیز کریں تاکہ عملے کو جلد از جلد بہتر اور جدید سہولیات پر مبنی ماحول میسر آ سکے۔