موزوں پیکنگ پھلوں اور سبزیوں کو حیاتیاتی اعتبار سے زیادہ دیر تک تازہ رکھ سکتی ہے،نظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد

جمعہ 16 مئی 2025 16:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیکنگ کا بنیادی مقصد پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کی موزوں طریقے سے ترسیل و تقسیم ہے تا کہ یہ صحیح حالت میں صارف تک پہنچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ناقص پیکنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات میں بڑا حصہ غیر تسلی بخش کریٹوں و ڈبوں کی تیاری ہے تاہم پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافے کا فائدہ اسی صورت میں اٹھایا جا سکتا ہے جب پیکنگ موزوں ہو اور پیکنگ کا عمل دوران نقل و حرکت نقصان پہنچنے کے امکان کو کم سے کم کرتا ہے اور موزوں پیکنگ پھلوں اور سبزیوں کو حیاتیاتی اعتبار سے زیادہ دیر تک تازہ رکھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کریٹ مال کو دوران سفر ہچکولوں کے اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں جس سے پھل پر خراشیں نہیں آتیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں جراثیموں اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھ کر ان کی تاز گی کو برقرار رکھا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کریٹ اتنامضبوط ہو کہ اس کے اندر رکھے گئے پھل کریٹوں کے بوجھ سے متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ آج کے دور میں پیکنگ میں بھی کافی جدت آ گئی ہے جس کے لئے فائبر گلاس، پلاسٹک، تھرموپور اور سکڑنے والی پلاسٹک کی مدد سے پیکنگ کو کافی مضبوط بنا دیا گیا ہے جس سے نقل و حمل کے دوران کم نقصانات ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بیوپاری حضرات اور باغبان پیکنگ اس قسم کی کریں کہ پھل کو بآسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہاکہ پیکنگ ڈیزائن میٹریل کے انحصار، پھل یا سبزی کے وزن اور سفر پر منحصر ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جراثیموں سے محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ زراعت کی سفارش کردہ زہر کا استعمال بھی کیاجاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :