شدید گرمی اور خشک موسم سفید مکھی کی افزائش اور پھیلاؤ کے لئے نہایت موزوں ہے،ڈاکٹر مقصود احمد

جمعہ 16 مئی 2025 16:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت پلانٹ پروٹیکشن ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ کہ شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کے حالیہ سروے کے مطابق شدید گرمی اور خشک موسم سفید مکھی کی افزائش اور پھیلاؤ کے لئے نہایت موزوں ہے۔ گرمی کی شدت برقرار رہنے کے باعث سفید مکھی کے حملہ میں شدت ہونے کا امکان موجود ہے۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سفید مکھی کے مربوط طریقہ انسداد کے لیے کپاس کے کاشتکار پیلے رنگ کے چپکنے والے پھندے،کرائی سوپرلا، بائیو کارڈز کا استعمال اور جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی یقینی بنائیں۔ کپاس کے کاشتکار فصلوں پر سفید مکھی کے بالغ اور بچوں کی تعداد کا بغور مشاہدہ کریں۔ حملہ بڑھنے سے پہلے ہی موزو ں زہروں کا محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے بروقت استعمال یقینی بنائیں۔ سفید مکھی کے حملہ نقصان کی معاشی حد سے تجاوز ہونے کی صورت میں کاشتکار آئی جی آر (انسکٹ گروتھ ریگولیٹر) گروپ کی زرعی زہروں کا سپرے کریں۔