سعودی اجازت نامے کے بغیر حج ناجائز اور گناہ ہے

جب حکومت کی جانب سے اجازت نامہ عوامی مفاد میں لازمی قرار دیا جائے، تو اس کی خلاف ورزی نہ صرف قانون شکنی بلکہ شرعی گناہ بھی ہے، مفتی اعظم مصر

پیر 19 مئی 2025 20:51

سعودی اجازت نامے کے بغیر حج ناجائز اور گناہ ہے
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2025ء) مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے فتویٰ دیا ہے کہ سعودی حکومت کے سرکاری اجازت نامے کے بغیر حج ادا کرنا شرعی طور پر ناجائز اور گناہ کے زمرے میں آتا ہے۔عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی اعظم مصر نے کہا کہ جب حکومت کی جانب سے اجازت نامہ عوامی مفاد میں لازمی قرار دیا جائے، تو اس کی خلاف ورزی نہ صرف قانون شکنی بلکہ شرعی گناہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق جو شخص اجازت نامے کے بغیر حج پر جاتا ہے، وہ گناہ گار ہوگا۔انہوں نے وضاحت کی کہ موجودہ حالات میں اجازت نامہ حج کی استطاعت کا حصہ بن چکا ہے، اس لیے جسے اجازت نہ ملے اس پر حج فرض نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر اجازت حج کرنے والے افراد نہ صرف حج انتظامات کو متاثر کرتے ہیں بلکہ سعودی عرب جیسے میزبان ملک کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔مفتی اعظم نے زور دیا کہ ایسی روش نہ صرف اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے بلکہ اپنے ملک کی ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہے۔