ٹرمپ نے پیوٹن اور یوکرینی صدر کی براہ راست ملاقات کروانے کا ارادہ ظاہر کر دیا

پیوٹن ہونے والی ملاقات کے بعد زیلنسکی اور یورپی رہنمائوں سے دوبارہ بات کروں گا،گفتگو

جمعرات 14 اگست 2025 15:53

ٹرمپ نے پیوٹن اور یوکرینی صدر کی براہ راست ملاقات کروانے کا ارادہ ظاہر ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے یوکرینی صدر زیلنسکی کی براہ راست ملاقات کروانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے روسی اور یوکرینی صدور کی ملاقات کروانے کے ارادے کے ساتھ ہی روس کو خبردار بھی کیا ہے کہ اگر روس نے جنگ ختم نہ کی تو اسے نتائج بھگتنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

یورپی رہنمائوں اور یوکرینی صدر زیلنسکی سے ورچوئل میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپی رہنمائوں اور زیلنسکی سے بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے، یوکرینی صدر سے ہونے والی گفتگو کو میں 10 پر ریٹ کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ روسی صدر پیوٹن سے جمعے کو ہونے والی ملاقات کے بعد زیلنسکی اور یورپی رہنمائوں سے دوبارہ بات کروں گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی صدر سے جلد ہی دوسری ملاقات بھی کرنا چاہوں گا اور اگر پیوٹن سے ملاقات ٹھیک رہی تو دوسری ملاقات میں ان کی اور زیلنسکی کی ملاقات بھی کروائیں گے۔ ٹرمپ، پیوٹن اور زیلنسکی کی ملاقات یورپی یا مشرقِ وسطی کے کسی بھی ملک میں ہوسکتی ہے۔