کپاس کے کاشتکاروں کوچھدرائی کا عمل بوائی کے 25دن کے اندر یاپہلے پانی سے قبل کرنے کی ہدایت

بدھ 21 مئی 2025 15:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو چھدرائی کا عمل بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اگر چھدرائی کا عمل بوائی کے 25دن کے اندر یاپہلے پانی سے قبل یاخشک گوڈی کے بعد ایک ہی دفعہ مکمل نہ کیاجائے تو فصل کو سخت نقصان پہنچ سکتاہے اسلئے اس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ لائنوں میں کاشت کی گئی بی ٹی اقسام کی پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سے35 دن بعد اور باقی آبپاشیاں 12 سے 15 دن کے وقفہ سے کی جانی ضروری ہوتی ہیں تاہم پٹڑیوں پرکاشت کی صورت میں پانی6سے9دن کے وقفہ سے 4سے5مرتبہ لگایا جاسکتاہے نیز اگر اس دوران پودے میں پانی کی کمی کی کوئی علامات ظاہر ہوں تو بوقت ضرورت آبپاشی کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈرل سے لائنوں میں کاشت کی گئی روایتی چھوٹے قد والی اقسام کی پہلی آبپاشی بوائی کے 30سے 40دن بعد اور لمبے قد والی کپاس کی اقسام کی آبپاشی 40 سے 50روز کے بعد کرنا ضروری ہے جبکہ بعد ازاں 12سے15دن کے وقفہ سے آبپاشیوں کاسلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی جگہ پرکیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہو تو محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال بھی کرناچاہیے۔

متعلقہ عنوان :