کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر پلاسٹک کے استعمال کی روک تھام کیلئے محکمہ ماحولیات کی کارروائی ، 4000 کلوگرام پلاسٹک بیگز برآمد

بدھ 21 مئی 2025 17:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی خصوصی ہدایت پر ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) راولپنڈی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ رات کے وقت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 4000 کلوگرام کے قریب ممنوعہ پلاسٹک بیگز برآمد کیے گئے جو 75 مائیکرون سے کم تھے جو کہ ماحولیاتی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

چھاپہ مار کارروائی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) حسان طارق کی نگرانی میں کی گئی ، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ایم سی آر (میونسپل کارپوریشن راولپنڈی) کے افسران بھی شامل تھے۔ برآمد کیے گئے تمام پلاسٹک بیگز کو تحویل میں لے کر ایم سی آر کے گودام میں منتقل کر دیا گیا تاکہ انہیں محفوظ طریقے سے ضائع کیا جا سکے۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی ہے کہ ماحول کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :