Live Updates

گورنرخیبر پختونخوا سے پاکستان میں تعینات قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات

جمعرات 22 مئی 2025 22:32

گورنرخیبر پختونخوا سے پاکستان میں تعینات قائمقام امریکی سفیر نیٹلی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات امریکہ کی قائمقام سفیر نیٹلی بیکر نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے گورنر خیبر پختونخوا سے بلوچستان میں اسکول بس پر دہشتگردانہ حملہ میں معصوم بچوں کی شہادتوں پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں تجارتی و بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق امور بھی زیر بحث رہے۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تعلیم میں اسکالرشپس فراہمی اور خیبر پختونخوا کیاسپورٹس میں کمال صلاحیت رکھنے والے نوجوانوں کو امریکہ سمیت عالمی دنیا میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے امریکہ اور خیبر پختونخوا سے تجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکی سفیر کو خیبر پختونخوا میں قیمتی معدنی شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں دنیا کی بہترین ماربل، گرینائٹ سمیت دیگر معدنی وسائل کی کمال استعداد ہے۔گورنر نے کہا صوبہ میں معدنیات،سیاحتی شعبہ سمیت قدرتی وسائل پر عالمی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا ترقیاتی شراکت دار دوست ملک ہے،خیبر پختونخوا بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تعلیم میں امریکہ اسکالرشپس فراہمی میں دوستانہ کردار ادا کرے، گورنر خیبر پختونخوا نے بھارتی جارحیت کو روکنے اور خطہ میں امن کیلئے سیز فائر میں صدر ٹرمپ کے اہم کردار پر انکا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کیساتھ بہترین تعلقات ہیں، امریکہ دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات