Live Updates

پولی گراف ٹسٹ بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کی کرنی چاہئے، بیرسٹرسیف

جمعرات 22 مئی 2025 18:22

پولی گراف ٹسٹ بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کی کرنی چاہئے، بیرسٹرسیف
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پولی گراف ٹیسٹ ان تمام افراد کا ہونا چاہیے جن کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں۔ عمران خان کی نہ کوئی بیرون ملک جائیداد ہے اور نہ ہی کوئی اثاثے ہیں۔ سپریم کورٹ پہلے ہی عمران خان کو صادق و امین قرار دے چکی ہے۔

اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی پر خاموشی اختیار کرنے والے نواز شریف کا پولی گراف ٹیسٹ ہونا چاہیے۔بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ عوام نے عمران خان اور شریف خاندان کا پولی گراف ٹیسٹ 8 فروری 2024 کو کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت جعلی مینڈیٹ پر اقتدار میں آ کر عمران خان کا پولی گراف ٹیسٹ کیسے کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ حکومت تو پولی گراف ٹیسٹ کے نتائج بھی جعلی بنا سکتی ہے۔اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے خلاف جعلی مقدمات بنانے والوں کا بھی پولی گراف ٹیسٹ کیا جائے، تاکہ تمام جھوٹ اور سازشیں بے نقاب ہوں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جعلی راجکماری مریم نواز سمیت پورے شریف خاندان کا پولی گراف ٹیسٹ ہونا چاہیے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ ملک پر مسلط مافیا قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔ جعلی مینڈیٹ پر اقتدار میں بیٹھ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائی جارہی ہیں انکو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ جعلی حکومت پولی گرافکس ٹسٹ کے پروپیگنڈوں کے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتی ہے۔ عوام نے مینڈیٹ عمران خان کو دیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات