ایڈیشنل اسسٹنٹ بٹگرام کا مختلف امتحانی مراکز کا دورہ

جمعرات 22 مئی 2025 11:55

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی ہدایات کی روشنی میں انٹر میڈیٹ امتحانات کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے اور نقل کی روک تھام کے حوالے سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-I اختر رسول نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران انہوں نے امتحانی ہال کی سکیورٹی کے انتظامات، سی سی ٹی وی نگرانی، امتحانی عملے کی حاضری، طلباء کے لئے فراہم کردہ بنیادی سہولیات اور نقل کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے والدین، اساتذہ اور طلباء سے درخواست کی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے امتحانی ماحول کو پُرامن اور صاف و شفاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پرعزم ہے کہ وہ طلباء کو ایک محفوظ، منظم اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کریں تاکہ وہ اعتماد اور سکون کے ساتھ امتحانات میں حصہ لے سکیں۔