گاڑیوں، موٹرسائیکل کی فائلز، نمبر پلیٹس اور کارڈ کے ڈلیوری چارجز میں اضافہ متوقع

جمعہ 22 اگست 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پاکستان پوسٹ آفس کے درمیان گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن فائلز، سمارٹ کارڈز اور نمبر پلیٹس کی ڈلیوری کے معاہدے میں بڑے مالیاتی اضافے کا امکان ہے۔محکمہ ایکسائز حکام کے مطابق پوسٹ آفس کے ساتھ گزشتہ تین سالہ کنٹریکٹ فروری 2025ء میں ختم ہو چکا ہے، جس میں عارضی طور پر 5ماہ کی توسیع کی گئی تھی، اب نئے کنٹریکٹ کے لیے پوسٹ آفس نے جو ڈلیوری چارجز مانگے ہیں، وہ سابقہ نرخوں کے مقابلے میں 400فیصد سے بھی زائد ہیں۔

(جاری ہے)

پوسٹ آفس کے نئے مجوزہ ریٹس میں فائل کی ڈلیوری 165روپے (پہلے 43روپی)، نمبر پلیٹس کی ڈلیوری 145روپی(پہلے 34روپی)، سمارٹ کارڈ کی ڈلیوری 95روپے (پہلے 27روپی)ہیں۔ایکسائز حکام کے مطابق نئے معاہدے کے لیے پوسٹ آفس سے سرکاری سطح پر ریٹس مانگے گئے تھے مگر حیران کن طور پر پوسٹ آفس نے نجی کوریئر کمپنیوں سے بھی زیادہ ریٹس پیش کر دیئے ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ دونوں اداروں کے مابین جلد ایک اہم اجلاس متوقع ہے جس میں پوسٹ آفس کی جانب سے دیئے گئے نرخوں پر غور کیا جائے گا، جس کے بعد اگلے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔