صوبے میں پن بجلی کی استعداد سے بھر پور استفادہ کرنے کےلئے چھوٹے بڑے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، علی امین خان گنڈاپور

جمعرات 22 مئی 2025 17:23

صوبے میں پن بجلی کی استعداد سے بھر پور استفادہ کرنے کےلئے چھوٹے بڑے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں پن بجلی کی استعداد سے بھر پور استفادہ کرنے کےلئے چھوٹے بڑے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے، ان منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کےلئے درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز محکمہ انرجی اینڈ پاور کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔متعلقہ کابینہ اراکین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ انرجی اینڈ پاور کے جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کی جانب سے ان منصوبوں پر اب تک کی مالی و عملی پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر مالی پیشرف سو فیصد کے قریب ہے۔ وزیر اعلیٰ نے رواں مالی سال کے آخر تک ان منصوبوں پر مالی پیش رفت سو فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر فزیکل پراگرس بھی مقررہ ہدف کے مطابق یقینی بنائی جائے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پن بجلی کی خاطر خواہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور انداز میں استفادہ کرنے کے لیے جاری منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ناگزیر ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پرزیر تعمیر بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بجلی مقامی صنعتوں کو فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے سولرائزیشن منصوبے پر بھی واضح پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سولرائزیشن موجودہ صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، اس پر پیشرفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے، اور منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح علی امین گنڈاپور نے اس اہم منصوبے پر پیشرفت میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کرنے جبکہ منصوبے پر عملدرآمد میں شفافیت اور میرٹ کا ہر لحاظ سے خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :