Live Updates

جام کمال خان کی قیادت میں ای ڈی ایف کی اصلاحات، پاکستان کو عالمی برآمدی معیشت بنانے کی جانب پیش رفت

جمعرات 22 مئی 2025 17:37

جام کمال خان کی قیادت میں ای ڈی ایف کی اصلاحات، پاکستان کو عالمی برآمدی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کے بورڈ کا اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں ایف سی ڈی او کے مالی تعاون سے چلنے والے ‘‘ریمیٹ پروجیکٹ’’ کی تیار کردہ رپورٹ پر غور کیا گیا۔ اس رپورٹ کا مقصد ای ڈی ایف کو پاکستان کو ایک عالمی مسابقتی برآمدی معیشت میں تبدیل کرنے کا محرک بنانا ہے۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کی، جنہوں نے اس سے قبل ای ڈی ایف کی جانب سے تیار کردہ حکمتِ عملی پر وسیع تر حلقوں کی آراء لینے کی سفارش کی تھی۔ریمیٹ ٹیم نے بورڈ کو ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس میں حکمتِ عملی کی تیاری کے لیے اختیار کردہ طریقہ کار کو واضح کیا گیا۔ اس میں عالمی بہترین پریکٹسز کا مطالعہ، اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت، اور ان مسائل کا تجزیہ شامل تھا جن کی وجہ سے ای ڈی ایف برآمدات کے فروغ میں گیم چینجر ثابت نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

پریزنٹیشن میں پاکستان کی برآمدی صورتحال اور وہ عوامل بھی شامل تھے جن کی وجہ سے ملک چند مخصوص مصنوعات اور مارکیٹوں تک محدود رہا ہے،ٹیم نے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد وضع کیے گئے وڑن، مشن اور اسٹریٹجک اہداف پیش کیے۔سفارش کی گئی کہ ای ڈی ایف موجودہ اور نئے برآمد کنندگان کو مارکیٹ تک رسائی، جدت طرازی کے فروغ، اور جامع و پائیدار ترقی کے لیے تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرے گا۔

اہداف کے حصول کے لیے ای ڈی ایف کو ایک پیشہ ورانہ طرز پر چلنے والے اور مؤثر نظام کے تحت چلنے والے ادارے میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی، جس میں نیٹ ورکس اور اتحاد بھی قائم کیے جائیں گے۔ماہرین نے 13 مالیاتی سہولتوں (فنانسنگ ونڈوز) کے قیام کی سفارش کی، جو انفرادی اداروں کی ترقی، عالمی معیار کی مطابقت، مارکیٹنگ انٹیلی جنس، لیبر پروڈکٹیویٹی، برانڈنگ، مارکیٹ تک رسائی، سپلائی چین ڈھانچے، ایکسپورٹ کریڈٹ/انشورنس وغیرہ جیسے شعبوں پر مرکوز ہوں گی۔

اسی طرح نئے مصنوعات اور مارکیٹوں کے لیے ایک چیلنج فنڈ قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ریمیٹ ٹیم نے ای ڈی ایف ایکٹ کے قانونی جائزے، داخلی ڈھانچے میں اصلاحات، فنانسنگ ونڈوز کے قیام، فریم ورک معاہدوں، اور مانیٹرنگ و ایویلیوایشن سسٹمز پر مشتمل تبدیلی کا منصوبہ بھی پیش کیا۔بورڈ کے اراکین نے ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور سفارشات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

بورڈ نے فنڈ کی کارپوریٹائزیشن اور اس کے طویل مدتی اثرات پر بھی غور کیا کہ یہ پاکستان کی برآمدی حکمت عملی پر کیا اثر ڈالے گا۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لیے ایک پیشہ ورانہ طور پر چلنے والے ادارے کی ضرورت ہے۔مطالعے کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ای ڈی ایف ایکٹ کا قانونی جائزہ لینے کے لیے ایک قانونی ماہر کو شامل کیا جائے گا، جب کہ بورڈ کے چار نجی اور دو سرکاری اراکین پر مشتمل کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل پر سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس کے اختتام پر اتفاق کیا گیا کہ ای ڈی ایف کو مؤثر ادارہ بنانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ قومی برآمدی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ای ڈی ایف بورڈ کے چیئرمین نے بورڈ کے تمام اراکین اور متعلقہ فریقین کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات