سوئی ناردرن گیس کے حصے داران نے مالی سال 2023-24کیلئے 75فیصد ڈیویڈنڈ منظور کر لیا

جمعرات 22 مئی 2025 17:25

سوئی ناردرن گیس کے حصے داران نے مالی سال 2023-24کیلئے  75فیصد ڈیویڈنڈ منظور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کا 60واں سالانہ اجلاس عام جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں حصے داران نے مالی سال 30جون 2024کے لیے کمپنی کے سالانہ پڑتال شدہ مالیاتی گوشوارہ جات منظور کئے، کمپنی نے اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ منافع حاصل کیا جس میں قبل از محاصل منافع 29843ملین روپے اور بعد از محاصل منافع 18977ملین روپے رہا جو فی شیئر آمدنی کا 29.92روپے بنتا ہے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں یہ ایک نمایاں اضافہ ہے جب کمپنی کا بعد از محاصل منافع 10564ملین روپے اور 16.66روپے فی شیئر رہا تھا،حصے داران نے بورڈ کی سفارش پر مالی سال 30جون 2024کے لیے فی حصہ 7.50روپے یعنی 75 فیصدکا تاریخ کا بلند ترین ڈیویڈنڈ منظور کیا، اس کے علاوہ مالی سال 2024-25کے لیے بیرونی پڑتال کنندگان کی حیثیت سے میسرز اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی، چارٹرڈ اکائونٹنٹس کی دوبارہ تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

دوران سال کمپنی کی ایک نمایاں کامیابی غیر محسوب برائے گیس( یو ایف جی) میں قابل ذکر کمی رہی اور مجموعی طور پر یو ایف جی کا نقصان 5.15فیصد سے کم ہو کر 4.93فیصد پر آ گیاجو گزشتہ 18برسوں میں سب سے کم سطح ہے۔اجلاس میں حصے داران سے تفصیلی سوال و جواب کا بھی سیشن ہواجس میں متعدد تجاویز زیر غور آئیں۔اجلاس کی صدارت سعادت علی خان نے کی جبکہ اجلاس میں ڈائریکٹرز فاریہ رحمن صلاح الدین، احمد چنائے ، فیصل اقبال ،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرسروسز ثاقب ارباب ،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز کامران اکرم،چیف فنانشل آفیسر اور امتیاز محمود ،سینئر جنرل منیجر کارپوریٹ افیئرزوکمپنی سیکریٹری شریک ہوئے جبکہ طارق اقبال خان، محمد رمضان، سائرہ نجیب احمد، ظفر عباس اورمنیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے بذریعہ آڈیو لنک شرکت کی۔

کمپنی کی سنیئر انتظامیہ کے اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔