نادیہ جمیل کا والدین کو بہو کے بجائے بیٹے پر نظر رکھنے کا مشورہ

مائوں کو بیٹوں کو سکھانا چاہیے بیوی کیساتھ ہر موضوع پر مشورہ کرکے آگے بڑھیں ، اداکارہ

جمعرات 22 مئی 2025 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء) سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے بیٹوں کی اچھی تربیت کرنے پر زور دیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ والدین بہو پر نظر رکھنے کے بجائے بیٹے پر نظر رکھیں۔ ایک انٹرویو میں نادیہ جمیل نے بتایا کہ میرے بیٹے کی بات پکی ہونیوالی ہے اور اگلے سال انشااللہ اس کی شادی ہے تو جب میرے گھر میں بہو آئے گی تو یہ میری ذمہ داری ہوگی کہ گھر میں بہو کے ساتھ کوئی بھی ناانصافی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ میری نظر چیل کی طرح بہو کی بجائے بیٹے پر ہوگی کہ کہیں میرا بیٹا بہو کو نئے گھر میں تکلیف تو نہیں دے رہا، کہیں اسے کم تر محسوس تو نہیں کروا رہا۔اداکارہ نے کہا کہ بہو گھر میں مہمان نہیں ہوتی بلکہ وہ اس کا اپنا گھر ہوتا ہے تو یہ ساس کا کام ہوتا ہے کہ جب وہ گھر میں بہو لائے تو اسے گھر میں اپنا پن محسوس کروائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ماوں میں اس بات کی آگاہی پیدا کرنا بہت اہم ہے کہ اپنے بیٹوں کی اچھی تربیت کریں اور انہیں یہ سکھائیں کہ عورت کی آزادی اس کا حق ہے جو پہلے اللہ نے عورت کے والد کے ہاتھ میں امانت کے طور پر دی تھی اور شادی کے بعد اب شوہر کا فرض ہے کہ اس امانت کی حفاظت کرے۔

نادیہ جمیل نے کہا کہ مائوں کو اپنے بیٹوں کو یہ سکھانا چاہیے کہ بیوی کے ساتھ اس طرح کا رشتہ بنائیں کہ ہر موضوع پر آپس میں مشورہ کرکے آگے بڑھیں۔

متعلقہ عنوان :