حزب اللہ کا جھنڈا لہرانے پر آئرش ریپر پر فردِ جرم عائد

تنازعہ صرف فلسطین پر بات کرنیوالوں کو خاموش کروانے کی کوشش ہے ،یہ صرف بینڈ نہیں آئندہ نسل کے نوجوان فنکاروں کو ڈرانے کا حربہ ہے،بینڈ منیجر ڈینیئل لیمبرٹ

جمعرات 22 مئی 2025 21:32

حزب اللہ کا جھنڈا لہرانے پر آئرش ریپر پر فردِ جرم عائد
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)معروف آئرش ہپ ہاپ بینڈ نیکیپ کے رکن لیام او ہانا پر حزب اللہ کا جھنڈا لہرانے پر دہشت گردی کے قانون کے تحت فردِ جرم عائد کردی گئی۔لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق لیام او ہانا پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک موسیقی کی تقریب کے دوران حزب اللہ کا جھنڈا ایسے انداز میں دکھایا جو تنظیم کی حمایت کے شبے کو جنم دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ 21نومبر 2024 کو لندن کے فورم کینٹش ٹائون میں پیش آیا، جہاں او ہانا نے مبینہ طور پر حزب اللہ کے جھنڈے کی نمائش کی۔ پولیس نے کہا ہے کہ کہ اپریل 2025 میں اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے پر تحقیقات کا آغاز ہوا، جس کے بعد کانٹر ٹیررازم کمانڈ نے مقدمہ درج کیا۔بینڈ کا موقف ہے کہ انہوں نے کبھی حماس یا حزب اللہ کی حمایت نہیں کی، ویڈیوز سیاق و سباق سے ہٹ کر پھیلائی گئی ہیں تاکہ انہیں فلسطین کی حمایت پر خاموش کروایا جا سکے۔بینڈ کے منیجر ڈینیئل لیمبرٹ نے کہا ہے کہ یہ تنازعہ صرف فلسطین پر بات کرنے والوں کو خاموش کروانے کی کوشش ہے اور یہ صرف بینڈ پر نہیں بلکہ آئندہ نسل کے نوجوان فنکاروں کو ڈرانے کا حربہ ہے۔