شکیرا کے کنسرٹ کے باعث خسرہ پھیلنے کا خدشہ، محکمہ صحت نے وارننگ جاری کردی

کنسرٹ میں شریک افراد اگر خسرہ کی علامات محسوس کریں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں

جمعرات 22 مئی 2025 20:29

شکیرا کے کنسرٹ کے باعث خسرہ پھیلنے کا خدشہ، محکمہ صحت نے وارننگ جاری ..
نیوجرسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء) نیوجرسی محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایسٹ ردر فورڈ میں واقع میٹ لائف اسٹیڈیم میں منعقدہ شکیرا کے کنسرٹ میں شریک افراد خسرہ وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ایک غیر مقامی شخص جو خسرہ سے متاثر تھا، اس کنسرٹ میں شریک ہوا تھا جس کے بعد اس کنسرٹ میں شرکت کرنے والے افراد میں خسرہ پھیلنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے خسرہ کی مکمل ویکسین نہیں لگوائی یا جنہیں پہلے خسرہ نہیں ہوا، انہیں انفیکشن کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ متاثرہ افراد میں علامات 6 جون تک ظاہر ہو سکتی ہیں۔محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کنسرٹ میں شریک افراد اگر خسرہ کی علامات محسوس کریں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں، مگر کسی بھی کلینک یا ہسپتال جانے سے پہلے فون پر اطلاع دینا ضروری ہے تاکہ دوسروں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :