اسرائیل کی جانب سے لگائے گئے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں،فرانسیسی وزیرخارجہ

جمعہ 23 مئی 2025 12:33

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)فرانس نے اسرائیلی وزیر خارجہ جدعون ساعر کے یورپی حکام پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں شرمناک اور بلا جواز قرار دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق فرانس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے لگائے گئے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل نے بعض یورپی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیل مخالف مہم چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی حکام نے واشنگٹن میں یہودی میوزیم کے قریب ہونے والے فائرنگ کے واقعے کو یہود دشمنی پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔یروشلم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جدعون ساعر نے عالمی رہنمائوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی بند کریں۔انہوں نے متعدد یورپی ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کے رہنماں پر اسرائیل کے خلاف نفرت پر اکسانے کا الزام عائد کیا، تاہم کسی ملک یا شخصیت کا نام نہیں لیا۔