دالوں کی کمی دور کرنے کیلئے کاشتکاروں کو 25 مئی سے 15 جون تک زیادہ سے زیادہ رقبہ پرمونگ و ماش کی کاشت کا مشورہ

جمعہ 23 مئی 2025 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) کاشتکاروں کو ملک میں دالوں کی کمی دور کرنے کیلئے 25 مئی سے 15 جون تک زیادہ سے زیادہ رقبہ پرمونگ و ماش کی کاشت کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار موسم خریف کے دوران جلد پک کرتیار ہونے والی مونگ و ماش کی فصل کا شت کرکے جہاں کثیر زرمبادلہ کما سکتے ہیں وہیں ملک سے دالوں کی کمی کو دور کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ مونگ اور ماش کی کاشت کیلئے 25 مئی سے 15جون تک کا وقت آئیڈیل ہوتاہے تاہم یہ کاشت 30جون تک بھی مکمل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے گہر اہل چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کرلیں اور فصل کو قطاروں میں کاشت کیاجائے تاکہ گوڈی کرنے اور جڑی بوٹیوں کی تلفی میں آسانی رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فصل کے اگاؤ سے پہلے بوٹی مار زہروں کا سپرے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر دالوں کو وٹوں پر کاشت کیاجائے تو ان کی پیداوار میں زبردست اضافہ ہو سکتاہے جبکہ موسم برسات میں ہونے والی بارشوں سے بھی فصل محفوظ رہتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جب مونگ اور ماش کی فصل پر پھولوں کے آنے کا مرحلہ شروع ہو تو ماہرین زراعت کی مشاورت سے آبپاشی کاسلسلہ بھی شروع کردینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :