ٹین بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں بے قاعدگی کی خبر بے بنیادہے، محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان

اتوار 25 مئی 2025 20:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2025ء) محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی جانب سے حالیہ دنوں بعض ذرائع ابلاغ میں یہ خبر زیرِ گردش ہے کہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام بلوچستان میں اس پراجیکٹ کے تحت بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان اس خبر کو قطعی طور پر بے بنیاد، گمراہ کن اور حقیقت کے منافی قرار دیتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ مذکورہ پروگرام کے تحت مالی سال 2019 سے 2022 کے دوران محکمہ جنگلات کے 35 ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (DDOs) اور محکمہ تعمیرات کے 4 DDOs کے ذریعے کیے گئے جنکا پورا ریکارڈ موجود ہے۔ یہ تمام اخراجات ریکارڈ کے مطابق، مقررہ مالیاتی ضوابط اور سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت عمل میں آئے۔پبلک اکانٹس کمیٹی میں جمع کرائی گئی اسپیشل آڈٹ رپورٹ میں اٹھائے گئے نکات دراصل آڈٹ کے عمومی اعتراضات ہیں، جن کا مفصل اور مستند جواب محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے متعلقہ فورم پر پیش کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آڈٹ اعتراضات کا مقصد مالی شفافیت کو یقینی بنانا ہوتا ہے، اور ان کا مطلب ہرگز مالی بے ضابطگی یا بدعنوانی نہیں لیا جا سکتا، جب تک کہ متعلقہ حکام کی وضاحت و شواہد کو نظرانداز نہ کیا جائے۔محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان میڈیا کے تمام اداروں سے گزارش کرتا ہے کہ ایسی حساس نوعیت کی خبروں کی اشاعت سے قبل مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور عوام کو غیر مصدقہ و گمراہ کن معلومات سے بچائیں جبکہ غیر مصدقہ سوشل میڈیا پوسٹ کی بغیر تصدیق پر محکمہ قانونی کاروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔