کپاس کی کاشت کا ہدف رواں ماہ کے اختتام تک حاصل کر لیا جائے گا، سیکرٹری زراعت

اتوار 25 مئی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں اب تک31 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت ہو چکی ہے۔ یہ بات انہوں نے صوبہ میں کپاس کی صورتحال بارے ایگریکلچر ہائوس لاہور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت کا ہدف رواں ماہ کے اختتام تک حاصل کر لیا جائے گا، روئی کی6 ملین گانٹھوں کے حصول کے لئے کپاس بارے فنی راہنمائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کپاس کی جاری مہم میں تمام سٹیک ہولڈرز کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا،کپاس کی کاشت و پیداوار کے حصول میں کاشتکاروں کا تعاون قابلِ ستائش ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موسم خریف کے لئے کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود رقم کی سہولت میسر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کپاس کے کاشتکاروں کی راہنمائی کیلئے پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت آغا بنیل اختر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹرجنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں،عامر رسول،ڈاکٹر عبدالقیوم و دیگر افسران نے شرکت کی۔