ملک بھر میں 18 کروڑ سے زائد پاسورڈ چوری، سوشل میڈیا صارفین کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی

پاکستانی صارفین فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس کے پاسورڈ تبدیل کریں، ڈیٹا چوری سے بچنے کیلئے صارفین اپنے اکاؤنٹس کے دو مرحلہ جاتی توثیق کے عمل کو فعال کردیں؛ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا مشورہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 مئی 2025 12:52

ملک بھر میں 18 کروڑ سے زائد پاسورڈ چوری، سوشل میڈیا صارفین کیلئے نئی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2025ء ) ملک میں 18 کروڑ سے زائد پاسورڈ چوری ہونے کے انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی جس میں کہا گیا ہے عالمی ڈیٹا لیک میں گوگل، فیس بک، ایپل سمیت بڑی کمپنیوں کے صارفین متاثر ہوئے، اس کے علاوہ انسٹاگرام، سنیپ چیٹ سمیت حکومتی پورٹلز کی معلومات بھی چوری کی گئی ہیں، انفوسٹیلر میلویئر سے صارفین کے اکاؤنٹس کی معلومات چوری کی گئی ہیں، ڈیٹا لیک سے شناخت چوری، اکاؤنٹ ہیکنگ اور رینسم ویئر حملوں کا خطرہ ہے، سرکاری اداروں اور مالیاتی اکاؤنٹس بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، صارفین کی معلومات عام ویب سائٹس پر عوامی طور پر دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ میلویئر کے ذریعے حساس معلومات چرا کر ڈیٹا بیس میں رکھی گئی ہیں، کریڈنشل سٹفنگ کے ذریعے خودکار حملے شروع ہونے کا خدشہ ہے، حکومت اور حساس اداروں کے نظام بھی خطرے میں پڑ سکتے ہیں، پاکستانی صارفین فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس کے پاسورڈ تبدیل کریں، پاسورڈ کبھی ای میل یا غیر محفوظ فائل میں نہ رکھیں، پاکستانی صارفین کو پاسورڈ منیجر کا استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا جاتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ صارفین اپنے اکاؤنٹس دو مرحلہ جاتی توثیق کے عمل کو فعال کریں۔

نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا ایڈوائزی میں یہ بھی کہنا ہے کہ صارفین اینٹی وائرس اور سکیورٹی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھیں، صارفین غیر معمولی لاگ ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، ادارے متاثرہ صارفین کو آگاہ کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں، مسئلے کا واحد حل حفاظتی اقدامات، صارف آگاہی اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے، فوری اقدامات نہ کیے گئے تو قومی ڈیجیٹل نظام متاثر ہو سکتا ہے۔