چیئرمین سینیٹ سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال

منگل 14 اکتوبر 2025 16:01

چیئرمین سینیٹ سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ، سید یوسف رضا گیلانی سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل محترم ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالم اسلام کو درپیش مختلف چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے مسلم ورلڈ لیگ کے پلیٹ فارم کو امت مسلمہ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مسلمانوں کے اتحاد اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ اور اس کے سیکرٹری جنرل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں پر ہو رہے ،مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے ایک مربوط اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے اتحادِ بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں باہمی اعتماد اور یکجہتی کے ذریعے اپنی صفوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔

مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اپنے دورہ پاکستان کو اہمیت کا حامل قرار دیا اور چیئرمین سینیٹ کے مہمان نوازی اور توجہ کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر متفقہ موقف اپنانے کے حوالے سے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔