ڈائریکٹر صوبائی محتسب بلوچستان نور الامین زہری کا بلوچستان فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے دفتر حب کا دورہ

پیر 26 مئی 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ڈائریکٹر صوبائی محتسب بلوچستان نور الامین زہری نے بلوچستان فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے دفتر حب کا دورہ کیا۔چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میر علی اکبرزہری اورماہیگیر نمائندوں سے ملاقات کی۔ چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میر علی اکبر زہری نے ادارے کے مسائل سے متعلق انہیں آگاہ کیا ۔

ڈاِئریکٹر محتسب سیکرٹریٹ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے ماہی گیروں کو کوئی سہولت میسر نہیں ہے ماہی گیروں کے بوٹ وغیرہ کی مرمت کے لئے حکومت فنڈز مہیا کرے تو نہ صرف ماہیگیری کے پیشے سے وابستہ محنت کشوں کو سہولیات میسر ہونگی بلکہ ماہیگیری کے شعبے کی ترقی سے حکومت کوخطیر زرمبادلہ بھی میسر ہوگا۔

(جاری ہے)

چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میر علی اکبر زہری نے بتایا کہ ہم نے کئی مرتبہ محکمہ فشریز کو فنڈ کی کمی کے حوالے سے تحریری طورپر آگاہ کیا ہے لیکن اب تک ماہیگیروں کی ویلفئیر کیلئے کوئی گرانٹ جاری نہیں کی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ کوسٹل بیلٹ میں ہمارے پاس اراضیات موجودہیں حکومت بلوچستان چاہے تو ماہی گیروں کو کالونیاں بنا کر دے سکتی ہے۔ڈائریکٹر محتسب سیکرٹریٹ کے دورے کے موقع پر وہاں موجود ماہی گیروں نے ڈائریکٹر محتسب کو بتایا کہ ماہی گیروں اور ان کے بچوں کو علاج معالجے سمیت تعلیم کی سہولت میسر نہیں ہے اور اسکالر شپ بھی ان کے بچوں کو نہیں ملتا ہے۔جس سے ان کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔اس موقع پر محتسب ڈائریکٹریٹ حب کے ریڈر حضور بخش موندرہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔