نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے‘جہانگیر ترین

منگل 27 مئی 2025 18:34

لودھراں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) معروف سماجی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، انکی صلاحیتیوں سے استفادہ جدید علوم کے یکساں مواقع ہونے سے ہی ممکن ہے، نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے آمنہ گرلز ڈگری کالج لودھراں کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے دوران گفتگو میں کہی۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین نے کہا کہ آج کا دور علم پر مبنی معیشت کا ہے جہاں ٹیکنالوجی، تخلیقی صلاحیتیں اور جدید مہارتیں نوجوانوں کے لیے عالمی معیشت میں مقام حاصل کرنے کے بنیادی عناصر ہیں۔ ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ہم نے جدید تعلیم کے ذریعے اپنے بچوں کو نئی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے سی ای او اکبر خان نے جہانگیر خان ترین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آمنہ گرلز ڈگری کالج اور ترین انسٹیٹوٹ آف کمپیوٹر اینڈ ریسورسز (ٹائسر)یونیورسٹی میں تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہے اور مقررہ مدت میں دونوں منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔