ٹوکیو کے ایڈوگاوا وارڈ میں تعمیراتی مقام پر دھماکا، 10 افراد زخمی

منگل 27 مئی 2025 22:41

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2025ء)ٹوکیو کے علاقے ایڈوگاوا وارڈ کے ہگاشی کاسائی علاقے میں منگل کی صبح ایک تعمیراتی مقام پر زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا صبح ساڑھے نو بجے کے قریب اس وقت ہوا جب ایک تعمیراتی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، شبہ ہے کہ یہ دھماکا زیرِ زمین گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوا۔

(جاری ہے)

دھماکے کی زد میں آ کر زخمی ہونے والے افراد میں تعمیراتی کارکنان اور قریبی رہائشی شامل ہیں جن کی عمریں 20 سے 70 سال کے درمیان ہیں، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم بعض افراد نے دھوئیں کے باعث گلے میں جلن کی شکایت کی ہے۔دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے اور شٹرز کو نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ فائر بریگیڈ کی 30 سے زائد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر تقریباً 90 منٹ میں آگ پر قابو پا لیا ہے۔پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔